نئی دہلی،یکم اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مالدیپ کے سابق نائب صدر احمد ادیب کو ہندوستانی ایجنسیوں نے غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔یہ واقعہ توتیکورن میں ہوا۔سابق نائب صدر احمد ادیب کو توتیکورن بندرگاہ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔مالدیپ کے سابق نائب صدر احمد ادیب غیر قانونی طریقے سے ہندوستانی ساحلوں پر پہنچے تھے۔ادیب کو آئی بی حکام نے حراست میں لیا ہے اور اس کے بارے میں وزارت خارجہ کو مطلع کیا جا چکا ہے۔دریں اثنا ادیب کی گرفتاری پر وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ ہم رپورٹ کی درستگی کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں،ہم ان کی حکومت سے رابطہ کریں گے اور پتہ لگائیں گے کہ کیا یہ رپورٹ سچ ہے؟ ادیب ’ورگو 9‘ نامی جہاز سے تھوتھکڈی پہنچے تھے۔اس میں 10 افراد سوار تھے۔ادیب کو بدعنوانی کے مختلف الزامات کے تحت گرفتارکیاگیاتھااورمالدیپ میں جیل کی سزا دی گئی تھی۔